عامر خان نے بالوں کو رنگنا چھوڑ دیا، قدرتی سفید بالوں میں نظر آگئے

بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے بالوں کو رنگنے کا سلسلہ ترک کردیا ہے اور اب وہ اپنے قدرتی سفید بالوں کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔

اداکار نے حالیہ پینل گفتگو کے دوران اپنے نئے حلیے کے بارے میں بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس تبدیلی کا تعلق کسی نئی فلم یا مخصوص کردار سے نہیں ہے۔

عامر خان کے مطابق وہ مسلسل بالوں کو رنگنے کے معمول سے تنگ آچکے تھے، اسی لیے انہوں نے اس عمل کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کسی کردار کی تیاری کے بجائے ذاتی پسند کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

پینل میں شریک فلم ساز سبھاش گھئی نے عامر خان کی ظاہری تبدیلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اداکار جب بھی کسی نئے انداز میں نظر آئیں تو عموماً اس کا مطلب ہوتا ہے کہ وہ کسی کردار کو سمجھنے اور اس کا مطالعہ کرنے میں مصروف ہیں۔