ریاض ایئرپورٹ پر حملہ، پاکستانی شہری شہید، 11 افراد زخمی
یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں کی اطلاعات کے درمیان ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری جان سے گیا جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق واقعے کے بعد ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر 4 میں آگ لگ گئی، جس کے باعث پروازوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔ سعودی ٹی وی نے حملے کی ویڈیو بھی نشر کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق واقعے کے وقت عمرہ زائرین بورڈنگ کے عمل میں مصروف تھے۔
رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل بھی کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے میں 13 افراد ہلاک اور 309 زخمی ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں بنگلادیش کے ایک مفتی سمیت مصر، اردن، فلسطین، شام، سوڈان، امریکا اور بھارت کے شہری شامل تھے۔
ادھر سعودی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاض کی فضائی حدود میں ایک کروز میزائل کو تباہ کردیا گیا۔ اتحاد کے ترجمان کے مطابق دمام میں واقع شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی دوبارہ نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم اس واقعے میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
سعودی شہر خمیس مشیط کی جانب بھی بیلسٹک میزائل داغے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اتحادی فوج کا کہنا ہے کہ میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کردیا گیا۔
حملوں کے خدشات کے پیشِ نظر کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مزید 24 گھنٹے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے فضائی عملے اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کرنے کے لیے نوٹم بھی جاری کردیا گیا ہے۔