میکسیکو میں سمندری طوفان سائمن شدت اختیار کرگیا، 28 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ
میکسیکو کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھنے والا سمندری طوفان سائمن کیٹیگری 4 تک پہنچ گیا ہے، جس کے پیش نظر ملک کے 28 اضلاع میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ حکام نے شدید ہواؤں، بلند سمندری لہروں اور موسلا دھار بارشوں کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار 230 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ سائمن میکسیکو کے مغربی وسطی ساحل کے قریب بڑھ رہا ہے اور پیش گوئی کے مطابق آج رات ساحل سے ٹکرا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں خطرناک سمندری لہریں اٹھنے کا خدشہ ہے۔
طوفان سے پہلے ہی مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوگیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر پانی گھروں میں بھی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ پیر کے روز مزید شدید بارشیں ہوسکتی ہیں، جس سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
ممکنہ نقصانات سے نمٹنے اور شہریوں کی مدد کے لیے متاثرہ ساحلی علاقوں میں فوجی اہلکاروں، امدادی کارکنوں اور شہری تحفظ کی ٹیموں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔