دعا لیپا کی سالانہ آمدن 2 کروڑ 34 لاکھ پاؤنڈ، روزانہ 64 ہزار پاؤنڈ کمائی
برطانوی گلوکارہ دعا لیپا نے گزشتہ سال اپنی میڈیا کمپنی کے ذریعے خطیر آمدن حاصل کی۔ رپورٹ کے مطابق ان کی سالانہ کمائی 2 کروڑ 34 لاکھ پاؤنڈ رہی، جو یومیہ تقریباً 64 ہزار پاؤنڈ بنتی ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق گلوکارہ کی کمپنی ریڈیکل 22 لمیٹڈ کو ان کے میوزک، گانوں کی رائلٹی، کنسرٹس اور مختلف مصنوعات کی فروخت سے آمدن حاصل ہوئی۔ دعا لیپا نے یہ کمپنی 2014 میں اپنے والد اور منیجر کے ساتھ مل کر قائم کی تھی، جبکہ اس کی مجموعی مالیت تقریباً 7 کروڑ 30 لاکھ پاؤنڈ بتائی گئی ہے۔
کمپنی ہاؤس میں جمع کرائی گئی مالیاتی دستاویزات کے مطابق دعا لیپا کی ایک اور کمپنی ریڈیکل 22 لائیو نے بھی 62 لاکھ پاؤنڈ کا منافع حاصل کیا۔ یہ ادارہ گلوکارہ کے میوزک ٹورز سے متعلق مالی امور کا انتظام سنبھالتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دعا لیپا کے عالمی دورے ریڈیکل آپٹیمزم کے تحت گزشتہ سال ہونے والے 81 شوز سے مجموعی طور پر 16 کروڑ 20 لاکھ پاؤنڈ کی آمدن ہوئی۔
لندن میں پیدا ہونے والی دعا لیپا مختلف کاروباری سرگرمیوں سے بھی وابستہ ہیں اور سات کمپنیوں میں ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر رہی ہیں۔ ان کاروباروں میں طرزِ زندگی سے متعلق برانڈ سروس 95 اور فلم سازی کا شعبہ بھی شامل ہے۔
موسیقی کے علاوہ گلوکارہ نے عالمی سطح کے کئی معروف برانڈز کے ساتھ بھی تجارتی معاہدے کر رکھے ہیں۔ ان میں وائی ایس ایل بیوٹی، پورشے، ورساسی، چینل اور پوما جیسے نام شامل ہیں، جن سے ان کی آمدن کے ذرائع مزید وسیع ہوئے ہیں۔