بھارت میں اپوزیشن کا احتجاجی مارچ، نئی دہلی میں سکیورٹی سخت

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے خلاف اپوزیشن کی احتجاجی سرگرمیوں میں تیزی آنے لگی ہے۔ نئی دہلی میں آج ایک بار پھر بڑے مظاہروں کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جہاں اپوزیشن اتحاد نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف الزامات اور ان کے استعفے کے مطالبے پر سپریم کورٹ کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

احتجاج کے پیش نظر بھارتی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکام نے مظاہرین کو روکنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہزاروں پولیس اہلکاروں اور نیم فوجی دستوں کو مختلف مقامات پر تعینات کردیا ہے۔ سکیورٹی اقدامات کے باعث اہم میٹرو اسٹیشنز کی بندش کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق نئی دہلی سے تقریباً 2 ہزار جبکہ ممبئی سے 400 مظاہرین احتجاج میں شرکت کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد کا مؤقف ہے کہ چیف الیکشن کمشنر مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں میں ملوث ہیں، اس لیے ان کے استعفے تک احتجاجی تحریک جاری رکھی جائے گی۔

دوسری جانب گزشتہ روز کاکروچ جنتا پارٹی کے سربراہ نے بھی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے مودی کو بھارتی تاریخ کا سب سے بزدل وزیراعظم قرار دیا، جس سے سیاسی محاذ آرائی میں مزید شدت پیدا ہونے کا تاثر سامنے آیا ہے۔