لائبہ اعجاز کیس میں اہم پیش رفت، گرفتار ملزم کا فراڈ کا اعتراف

اسلام آباد میں گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کی خودکشی کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نعمان نے مبینہ فراڈ کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

تفتیشی حکام نے ملزم کا موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا ہے۔ دوسری جانب تھانہ رمنا پولیس نے بھی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق لائبہ اعجاز کا ملزم نعمان سے رابطہ عائزہ نامی لڑکی کے ذریعے ہوا تھا، جس کا بھائی امریکا میں رہائش پذیر ہے۔ الزام ہے کہ ملزم نے لائبہ کو بیرون ملک ایک یونیورسٹی میں داخلے اور ویزے کے حوالے سے جعلی دستاویزات فراہم کیں۔

مقدمے کے مطابق لائبہ کے والد نے بیٹی کو بیرون ملک تعلیم دلوانے کے لیے پلاٹ فروخت کیا اور زیورات گروی رکھ کر لاکھوں روپے ادا کیے تھے۔ تاہم جب داخلے کا خط جعلی نکلا تو لائبہ مبینہ طور پر شدید مایوسی کا شکار ہوگئی اور اس نے خودکشی کرلی۔

پولیس نے ملزم نعمان کو گرفتار کرنے کے بعد مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ واقعے کا مقدمہ لائبہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں درج کیا گیا ہے۔