امیتابھ بچن کم عمر مداح سے ہاتھ نہ ملانے پر سوشل میڈیا تنقید کی زد میں

بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن اپنی 84ویں سالگرہ کے موقع پر ایک کم عمر مداح کی ہاتھ ملانے کی درخواست قبول نہ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔

روزنامہ جنگ کے مطابق امیتابھ بچن 11 اکتوبر کو اپنی سالگرہ کی روایت برقرار رکھتے ہوئے مداحوں سے ملاقات کے لیے باہر آئے۔ اس موقع پر چند بچے سیکیورٹی حصار سے آگے بڑھ کر اداکار کے قریب جانے کی کوشش کرنے لگے، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روک دیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امیتابھ بچن ہاتھ جوڑ کر مداحوں کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ اسی دوران ایک کم عمر لڑکی نے ان سے ہاتھ ملانے کی خواہش ظاہر کی، لیکن اداکار نے اس درخواست کو قبول نہیں کیا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین نے امیتابھ بچن کے اس رویے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور اسے نامناسب قرار دیا۔

دوسری جانب امیتابھ بچن کو سالگرہ کی مبارک باد دینے والی بالی ووڈ شخصیات میں ان کی بہو ایشوریا رائے بچن، اجے دیوگن، چرنجیوی، سنجے دت، انوپم کھیر، پربھاس، کمل ہاسن، کاجول اور فرح خان سمیت کئی معروف فنکار شامل تھے۔