نواب شاہ: تھانے کے مال خانے سے ساڑھے 52 تولہ سونا غائب، 4 پولیس اہلکار گرفتار

نواب شاہ کے اے سیکشن تھانے کے مال خانے سے ساڑھے 52 تولہ سونا اور دیگر اشیا غائب ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس پر سابق اور موجودہ ہیڈ محرر سمیت چار پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مال خانے میں محفوظ رکھا گیا سونا اور دیگر سامان عدالتی حکم پر پیش کیا جانا تھا، تاہم جب حکم پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ اشیا کی جانچ کی گئی تو سونا مال خانے سے غائب پایا گیا۔

واقعے کے بعد ایس ایچ او اے سیکشن رانا جمشید کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں موجودہ ہیڈ محرر منشی فہیم حیدر انڑ، سابق ہیڈ محرر لعل محمد رند، صدام حسین اور فرحان کمبوہ کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چاروں اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مال خانے سے سونا اور دیگر سامان غائب ہونے کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کے حقائق سامنے لائے جاسکیں اور ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔