ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ کی بندش میں 5 روز کی توسیع، 17 اکتوبر تک پروازیں معطل
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بندش کی مدت مزید پانچ روز بڑھا دی گئی ہے۔ اس حوالے سے نیا نوٹم جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق ایئرپورٹ 17 اکتوبر کی رات 12 بجے تک بند رہے گا۔
جاری کردہ نوٹم کے مطابق ریاض ایئرپورٹ 10 اکتوبر کی شام سے بند ہے اور اس کی بندش میں توسیع کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔
فلائٹ ڈیٹا کے مطابق ایئرپورٹ کی بندش سے روزانہ تقریباً 750 پروازیں آپریشنل نہیں ہو پا رہیں، جبکہ گزشتہ تین روز کے دوران ریاض آنے اور جانے والی تقریباً 2 ہزار پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب کے دیگر اہم ہوائی اڈوں، جن میں جدہ، مدینہ منورہ اور دمام شامل ہیں، پر بھی پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر کی اطلاعات ہیں۔ ایئرپورٹ کی بندش میں توسیع کے باعث مسافروں اور فضائی کمپنیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔