ملتان کے قریب رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار، 5 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

ملتان کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کی 14 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 5 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

حادثہ شیر شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب آؤٹر سگنل کے مقام پر پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور متاثرہ بوگیوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق متعدد مسافر زخمی ہوئے ہیں اور انہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ اہلکار متاثرہ بوگیوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹری سے اترنے کے باعث ریلوے آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک کو بحال کرنے اور راستہ صاف کرنے کے لیے کام جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے رحمان بابا ایکسپریس کے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے زخمی مسافروں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے انہیں فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ حادثے میں متاثرہ افراد کو ہر ممکن طبی امداد مہیا کی جائے اور امدادی کارروائیوں میں کوئی تاخیر نہ ہونے دی جائے۔