مریم نواز کا ستھرا پنجاب پروگرام میں اصلاحات کا حکم، صفائی کمپنیوں کو کارکردگی بہتر بنانے کی ڈیڈ لائن

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جامع مائیکرو پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ستھرا پنجاب پروگرام کی مکمل کارکردگی رپورٹ آئندہ ہفتے تک طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ورکرز اور مشینری کی کمی دور کرنے، صفائی کا بیٹ سسٹم نافذ کرنے اور غیر مؤثر نجی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی مجموعی کارکردگی، کچرا جمع کرنے، صفائی کے انتظامات اور ٹرانسپورٹ فلو سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مختلف تحصیلوں میں صفائی کی صورتحال سے متعلق رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔

اجلاس میں مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ صفائی کے عملے کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی کے لیے قانونی حل نکالا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹھیکیداروں کی جانب سے واجبات ادا نہ کرنے کا نقصان ورکرز کو نہیں اٹھانا پڑے گا۔ اجلاس میں نادہندہ کمپنیوں سے عملے کے بقایاجات وصول کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے غیر مؤثر صفائی کمپنیوں کو ہٹانے اور ایک ہفتے کے اندر سرکاری سطح پر متبادل صفائی انتظامات فعال کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب کے ورکرز کو واجبات کی ادائیگی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں صوبے بھر میں سات روز کے اندر صفائی کا بیٹ سسٹم متعارف کرانے کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کی گئی۔ اس کے علاوہ ہر تحصیل میں عملے کی تعداد، مشینری کی دستیابی اور فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی کارکردگی کے حوالے سے ہفتہ وار تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔

مریم نواز شریف نے کارکردگی کے معیار سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ 80 فیصد سے کم کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کو وارننگ دی جائے، جبکہ 50 فیصد سے کم کارکردگی پر متعلقہ کمپنیوں کو فارغ کیا جائے۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں کم از کم ایک دن چھوڑ کر صفائی یقینی بنانے اور جمع شدہ کچرا اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہر تحصیل میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ستھرا پنجاب کے انچارج کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔ ورکرز کی نگرانی اور کارکردگی کا ریکارڈ بہتر بنانے کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ متعارف کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام ڈویژنوں میں اینٹی لٹرنگ اسکواڈ سرگرم عمل ہیں اور اب تک 2 لاکھ 64 ہزار دورے کیے جا چکے ہیں۔ ان اسکواڈز نے صفائی کے ضابطوں کی خلاف ورزیوں پر وارننگز جاری کرنے کے ساتھ شہریوں کو صفائی سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی۔

وزیراعلیٰ نے ضلع چکوال میں صفائی کی بہتر صورتحال پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور مقررہ اہداف کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔