پاک فوج کا فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج میزائل کا کامیاب تجربہ
پاک فوج نے فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج (فتح 2 ای آر) میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ایویونکس ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو اسے اہداف کو زیادہ درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق فتح 2 ای آر میں پرواز کے دوران راستہ اور سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس خصوصیت کے باعث یہ میزائل دشمن کے میزائل دفاعی نظام سے بچ کر اپنے ہدف تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح 2 کے ایکسٹینڈڈ رینج ورژن کی کامیابی سے پاک فوج کی طویل فاصلے پر اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت اور آپریشنل رسائی میں مزید اضافہ ہوگا۔
میزائل کے تجرباتی لانچ کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے اعلیٰ افسران اور متعلقہ سائنس دانوں و انجینئرز نے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے میزائل کی تیاری اور کامیاب تجربے میں کردار ادا کرنے والے ماہرین کی محنت، لگن اور فنی صلاحیتوں کو سراہا۔
فتح 2 ای آر کے کامیاب تجربے پر صدرِ مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد پیش کی۔