شہباز شریف کا سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ، مکہ دفاعی اتحاد کو تاریخی قرار دے دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ دفاعی اتحاد کو خطے میں امن، یکجہتی اور استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے بدستور پُرعزم ہے۔
وزیراعظم سے بدھ کے روز مکہ ڈیفنس الائنس کے پہلے سیکرٹری جنرل، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن و استحکام اور مشترکہ تعاون کے لیے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاہدے کے تحت پاکستان سعودی عرب کے دفاع اور علاقائی سلامتی کے معاملات میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
شہباز شریف نے سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی حمایت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
ملاقات میں مکہ ڈیفنس الائنس کے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے وزیراعظم کو اتحاد کے طے شدہ فریم ورک کے تحت دفاعی اور تذویراتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار کی گئی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ مکہ دفاعی اتحاد کے سیکرٹری جنرل نے گزشتہ روز صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر صدر نے علاقائی امن کے قیام اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔