مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا. چین

چین نے مشرق وسطیٰ میں جامع جنگ بندی اور دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے خصوصی ایلچی خلدون خلیفہ المبارک سے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورت حال اور جاری تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وانگ یی نے زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں مکمل جنگ بندی کے لیے کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے تنازعات کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے مذاکرات جلد از جلد بحال کیے جانے چاہئیں۔

دوسری جانب یو اے ای کے صدر کے خصوصی ایلچی خلدون خلیفہ المبارک نے کہا کہ متحدہ عرب امارات خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے چین کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔