شہباز شریف کی ہدایت، ہاؤسنگ، زراعت اور چھوٹے کاروباروں کے لیے قرضوں کی فراہمی آسان بنائی جائے
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنا گھر اسکیم، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) اور زرعی شعبے کو بروقت قرضوں کی فراہمی ملکی معیشت کی ترقی کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے اور قرضوں کے حصول میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہاؤسنگ فنانس، ایس ایم ایز اور زراعت کے شعبوں کے لیے قرضوں کی دستیابی اور مالی سہولتوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جن بینکوں کی کارکردگی مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں، انہیں اپنی خدمات بہتر بنانی چاہییں تاکہ وہ بھی حکومتی معاونت اور حوصلہ افزائی سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم سے مستفید ہونے کے خواہش مند افراد کے لیے ضروری دستاویزات اور کوائف جمع کرانے کا طریقہ آسان بنانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے ہاؤسنگ فنانس کے لیے ملکیت سے متعلق غیرمتنازع دستاویزات کے حصول کو سہل بنانے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈویلپرز فنانس سے متعلق کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ اپنی سفارشات کو جلد حتمی شکل دے کر پیش کرے تاکہ اس شعبے میں مالی سہولتوں کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں زرعی اجناس کے ذخیرے سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ وزیراعظم نے پاسکو کے غیر فعال گوداموں اور سائلوز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فعال بنانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف کے مطابق نجی شعبے کے تعاون سے گوداموں اور سائلوز کی استعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ زرعی اجناس کو محفوظ طریقے سے ذخیرہ کرنے کی سہولت بہتر ہو اور دستیاب وسائل سے زیادہ مؤثر انداز میں فائدہ اٹھایا جا سکے۔