شعیب ملک سے شادی کی افواہیں، اداکارہ ونیزہ ستار نے خاموشی توڑ دی
اداکارہ ونیزہ ستار نے کرکٹر شعیب ملک سے مبینہ شادی کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بے بنیاد افواہیں پھیلانے والوں پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ونیزہ ستار نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک وائرل ویڈیو شیئر کی اور اس کے ساتھ اپنے ردعمل میں لکھا، ’’اوہ میرے خدا! پھر سے نہیں!‘‘ اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعض افراد صرف ویوز اور توجہ حاصل کرنے کے لیے معروف شخصیات کے متعلق من گھڑت دعوے پھیلاتے ہیں۔
24 نیوز کی رپورٹ کے مطابق ونیزہ ستار اس سے پہلے بھی واضح کر چکی ہیں کہ ان کی شعیب ملک سے کبھی بالمشافہ ملاقات نہیں ہوئی۔ اداکارہ کے مطابق یہ افواہیں اس وقت زیادہ پریشان کن ہوگئیں جب ان کے دوستوں اور رشتہ داروں نے حقیقت جاننے کے لیے ان کے اہلِ خانہ سے رابطے شروع کردیے۔
ونیزہ ستار نے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ وہ غیر مصدقہ معلومات آگے پھیلانے سے اجتناب کریں اور کسی بھی خبر کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں۔