پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے 28 بچےجاں بحق، 25 زخمی، امدادی کارروائیاں جاری
پشاور کے علاقے دیر کالونی میں اسکول کی چھت اچانک منہدم ہونے کے نتیجے میں 28 بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ 25 دیگر زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق متاثرین میں طلبہ اور اساتذہ بھی شامل ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال میں خاتون ٹیچر سمیت 22 بچوں کی لاشیں منتقل کی گئیں۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 7 سے 13 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی شروع کردی اور 20 سے زائد زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال پہنچایا گیا۔ حکام کو خدشہ ہے کہ منہدم عمارت کے ملبے تلے مزید افراد پھنسے ہوسکتے ہیں، جس کے باعث ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ انتظامیہ کے اہلکاروں کے ساتھ مقامی رضاکار بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ٹیمیں ملبے میں پھنسے ممکنہ افراد کی تلاش اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں مصروف ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔