پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی منظوری دے دی گئی
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی توثیق کر دی ہے۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی جانب سے پیش کی گئی دونوں قراردادوں کی اپوزیشن نے مخالفت کی، تاہم ایوان نے انہیں کثرتِ رائے سے منظور کر لیا۔
اس منظوری کے ساتھ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے حوالے سے پارلیمانی کارروائی مکمل ہو گئی۔ اس سے قبل قومی اسمبلی اور سینیٹ بھی الگ الگ ان اقدامات کی منظوری دے چکے تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت ہونے والے مشترکہ اجلاس میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی اور آرٹیکل 234 کے تحت گورنر راج کی توثیق کے لیے قراردادیں پیش کیں۔
دونوں قراردادوں پر پانچ گھنٹے سے زائد بحث ہوئی، جس کے دوران اپوزیشن ارکان نے ان اقدامات کی مخالفت کی۔ بعد ازاں اسپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں قراردادیں الگ الگ ایوان کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیں، جنہیں اکثریتی حمایت حاصل ہو گئی۔
قراردادوں کی منظوری کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔