لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، اہم دہشت گرد کمانڈر زاہد گل ہلاک

لکی مروت میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی کے دوران اہم دہشت گرد کمانڈر زاہد گل مارا گیا۔ حکام کے مطابق یہ آپریشن خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔

سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد کا تعلق خوارجی گل بہادر گروپ سے تھا۔ زاہد گل کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز پر ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی منصوبہ ساز بتایا گیا ہے، جبکہ وہ دہشت گردی کے متعدد سنگین واقعات میں بھی سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھا۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق زاہد گل نے پولیس لائنز پر حملے میں استعمال ہونے والی بارود سے بھری خودکش گاڑی کی رہنمائی کی تھی۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ بلی تنگ میں بینک ڈکیتی کے واقعے میں ملوث تھا، جہاں سے 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔ مبینہ طور پر ڈکیتی کی رقم بنوں کے علاقے بکاخیل اور جانی خیل میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کے درمیان تقسیم کی گئی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کی نقل و حمل اور ترسیل میں بھی کردار ادا کرتا رہا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً دو ماہ قبل وہ نئی کوہاٹ پولیس لائنز کو نشانہ بنانے کے لیے ایک خودکش حملہ آور بھی لایا تھا، تاہم سیکیورٹی اداروں نے یہ حملہ ناکام بنا دیا۔

حکام کے مطابق زاہد گل کے ممکنہ اہداف میں کوہاٹ میں پاک فضائیہ کا سیٹ اپ اور پولیس ٹریننگ اسکول بھی شامل تھے۔ اس دہشت گرد نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد پہلے ہی سیکیورٹی اداروں کی تحویل میں ہیں۔