ٹرمپ کی پریس سیکرٹری کیٹی زکریا عہدہ سنبھالنے کے چند روز بعد ہی فارغ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری کیٹی زکریا کو عہدہ سنبھالنے کے ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں ذمہ داریوں سے ہٹا دیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے دو الگ الگ عہدیداروں نے بتایا کہ کیٹی زکریا اب پریس سیکرٹری کے منصب پر کام نہیں کر رہی ہیں۔
کیٹی زکریا نے پیر کے روز یہ ذمہ داری سنبھالی تھی، جبکہ اگلے ہی دن وائٹ ہاؤس میں اپنی پہلی پریس بریفنگ کی۔ تاہم ابتدا ہی سے انہیں اپنی قانونی اہلیت اور میڈیا کے سوالات کے جوابات دینے کے انداز پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کی پہلی بریفنگ کے دوران کئی مواقع پر گفتگو میں رکنے اور صحافیوں کے سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دینے پر اعتراضات سامنے آئے۔ ایک صحافی نے جب ان سے پوچھا کہ انہوں نے امریکا کی کس ریاست میں وکالت کا لائسنس حاصل کیا ہے تو ان کا جواب تھا کہ جب وہ چین منتقل ہوئی تھیں۔ اس جواب کے بعد ان کی قانونی قابلیت سے متعلق بحث مزید بڑھ گئی۔
امریکی میڈیا کی تحقیقات کے مطابق کیٹی زکریا نے 2011 میں پیپرڈائن یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی، تاہم امریکا کی 50 ریاستوں اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں وکلا کے ریکارڈ میں ان کا نام بطور وکیل درج نہیں ملا۔ تنقید کے بعد انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ پہلی مرتبہ بار کا امتحان پاس نہیں کر سکی تھیں اور بعد میں دوبارہ امتحان بھی نہیں دیا۔
پہلی پریس بریفنگ کے دوران ایک اور واقعہ بھی توجہ کا مرکز بنا، جب کیٹی زکریا نے غلطی سے اپنے شوہر کو ’’میرے صدر‘‘ کہہ کر مخاطب کیا۔
تنازع کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے زکریا کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے معاملے پر نظرثانی کریں، کیونکہ انہیں ابتدائی دنوں میں میڈیا کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تاحال وائٹ ہاؤس یا کیٹی زکریا کی جانب سے ان اطلاعات پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔