ایران کی سعودی عرب پر حوثی حملوں میں ملوث ہونے کی تردید، مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش
ایران نے سعودی عرب پر یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی کارروائیوں میں ایرانی معاونت سے متعلق دعوے درست نہیں ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایرانی حکام نے سعودی عرب کی جانب سے حوثیوں کو مدد فراہم کرنے اور ان کی حمایت کرنے کے الزامات کو یکسر رد کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یمن کے حوثیوں کی جانب سے مملکت پر ہونے والے حملوں میں ایران کی معاونت شامل ہے۔
اس الزام پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ تہران یمن میں حوثیوں کی کارروائیوں میں اپنے کردار سے متعلق تمام الزامات کو مسترد کرتا ہے۔
اسماعیل بقائی نے یہ بھی کہا کہ ایران سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر آمادہ ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں کے واقعات میں اضافے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جس کے باعث مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال اور عرب ممالک کے درمیان کشیدگی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔