لاہور میں طالبات کے لیے مفت سکوٹی ٹریننگ شروع، پانچ مقامات پر سہولت دستیاب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت طالبات کو خودمختار بنانے اور ان کی سفری سہولت بہتر کرنے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے دو روزہ مفت سکوٹی ڈرائیونگ تربیتی پروگرام شروع کر دیا ہے۔ طالبات شہر میں قائم پانچ ڈرائیونگ اسکولز میں سے کسی ایک میں داخلہ لے کر یہ تربیت حاصل کر سکتی ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ڈرائیونگ اسکولز کے انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسکولوں اور کالجوں میں بھی مفت سکوٹی چلانے کے تربیتی سیشنز کا اہتمام کریں۔ ان کے مطابق تعلیمی اداروں کی انتظامیہ اس مقصد کے لیے لاہور ٹریفک پولیس سے رابطہ کر سکتی ہے۔
لاہور میں لبرٹی مارکیٹ، گریٹر اقبال پارک، ایل او ایس فیروزپور روڈ، آبشار اور مناواں لائنز میں ڈرائیونگ اسکولز قائم ہیں، جہاں طالبات کو سکوٹی چلانے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ایل او ایس ڈرائیونگ اسکول فیروزپور روڈ پر خواتین کے لیے مکمل ڈرائیونگ کورس بھی بلا معاوضہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ تربیتی پروگرام کے دوران ماہر انسٹرکٹرز طالبات کو دو روز تک سکوٹی چلانے کی عملی مشق کروائیں گے۔ اس کے ساتھ محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں اور ٹریفک قوانین سے متعلق بھی آگاہی دی جائے گی تاکہ وہ سڑکوں پر ذمہ داری کے ساتھ سفر کر سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نوجوانوں کی سہولت کے لیے لائسنسنگ ٹیسٹنگ سینٹرز میں الگ جین زی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ لاہور ٹریفک پولیس اب تک 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کو 10 ہزار سے زائد جووینائل پرمٹس جاری کر چکی ہے، جبکہ رواں سال موٹرسائیکل سواروں کو دو لاکھ سے زیادہ ڈرائیونگ لائسنس فراہم کیے گئے ہیں۔
سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔ اس مقصد کے تحت خواتین ڈرائیورز کے تحفظ اور سڑکوں پر ان کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔