پی ٹی آئی لانگ مارچ کے گرفتار کارکنان کو ریلیف، اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کا ڈسچارج کرنے کا حکم
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران گرفتار کیے گئے تمام کارکنان کو متعلقہ مقدمات سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
کیس کی سماعت جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے کارکنان کی شناخت پریڈ کے لیے مزید وقت دینے کی درخواست کی۔
کارکنان کے وکیل سردار مصروف نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو گرفتار ہوئے 40 روز سے زائد گزر چکے ہیں، لیکن پولیس ہر پیشی پر مہلت طلب کر رہی ہے اور کارکنان کو عدالت میں پیش بھی نہیں کیا جا رہا۔
وکیل مرتضیٰ طوری نے مؤقف اختیار کیا کہ گرفتار کارکنان بے گناہ ہیں اور انہیں بلاجواز حراست میں لیا گیا۔ وکیل زاہد بشیر ڈار نے بھی کارکنان کی بے گناہی کا مؤقف پیش کرتے ہوئے عدالت سے سابقہ حکم پر عمل درآمد کی درخواست کی۔
وکلاء کے دلائل اور استدعا پر عدالت نے تمام کارکنان کو مقدمات سے ڈسچارج کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ گرفتار افراد کو تھانہ شالیمار اور تھانہ سیکریٹریٹ میں درج مقدمات کے سلسلے میں شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا گیا تھا۔