کراچی: نوجوان زین العابدین کے اغوا اور قتل کا معمہ حل، دو ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے نوجوان زین العابدین کے اغوا اور قتل کے کیس میں ملیر پولیس نے دو مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر بن قاسم کے چھتری گراؤنڈ سے نوجوان کی لاش بھی برآمد کرلی گئی۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعہ اغوا برائے تاوان کا نہیں تھا بلکہ مقتول اور ملزمان کے درمیان ایک لڑکی کے معاملے پر تنازع چل رہا تھا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو گلشن حدید سے حراست میں لیا گیا۔ تفتیش کے مطابق اہل خانہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے نوجوان کا ہاتھ کاٹ کر بھیجا گیا تھا۔ زیر حراست ملزمان میں مقتول کا کزن فیصل بھی شامل ہے، جس پر اغوا کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام ہے۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق زین العابدین کو قتل کرنے کے بعد اس کا ہاتھ کاٹا گیا، جبکہ واقعے کو اغوا برائے تاوان ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔ پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ واردات میں ملوث افراد کے کردار اور محرکات کا تعین کیا جاسکے۔