بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے تین آپریشنز، 8 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی تین انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے۔ یہ آپریشنز کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں کیے گئے، جن کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی جانب سے سڑک بند کرکے ٹریفک روکنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم قرار دیے گئے 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے بعد جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ خضدار میں کی گئی ایک اور کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے اس کے ٹھکانے سے 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد برآمد کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب صدر مملکت نے ان آپریشنز میں کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ملک کے دفاع اور امن کے لیے خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کے ساتھ کھڑی ہے۔