وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کردیا
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اداروں کے طلبہ کی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں اور پاکستانی نوجوانوں میں اپنی زندگیوں کے ساتھ ملک کا مستقبل بہتر بنانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان اپنی ذہانت، محنت اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق مالی وسائل کی کمی کسی بھی باصلاحیت بچے کی معیاری تعلیم کے حصول میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کے لیے ایچی سن جیسے معیاری تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنا عموماً ایک مشکل تصور رہا ہے۔ اسی محرومی کو دور کرنے کے لیے 2010 میں دانش اسکولز کے منصوبے کی بنیاد رکھی گئی، تاکہ مستحق اور ذہین بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی سے پشاور تک ہر بچے اور بچی کو تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ دانش اسکولز نے یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم رنگ، نسل اور صوبائی اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دانش اسکولز کا منصوبہ پنجاب سے آگے بڑھ کر ملک کے دیگر حصوں تک پھیل رہا ہے اور مختلف علاقوں میں ان اداروں کی تعمیر جاری ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ دانش اسکولز میں جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ تعلیم کے فروغ کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی لیبارٹریز بھی قائم کی جائیں گی۔