پاکستان نے بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں 27 نومبر تک توسیع کردی

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔ نئے فیصلے کے تحت یہ پابندی 27 نومبر 2026 تک برقرار رہے گی۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق جاری کردہ نوٹم 27 نومبر 2026 کی صبح 5 بجے تک مؤثر ہوگا۔ اس فیصلے کے بعد بھارتی پروازوں کو مقررہ مدت کے دوران پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 23 اپریل 2025 سے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہیں۔ اس پابندی کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو اپنی پروازوں کے لیے متبادل اور طویل فضائی راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں۔

فضائی راستوں میں اضافے کے نتیجے میں بھارتی ایئرلائنز کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں، جبکہ مختلف رپورٹس کے مطابق انہیں اس پابندی کے باعث اربوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔