مالدیپ کے صدر محمد معیزو آئندہ ہفتے پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو آئندہ ہفتے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 11 سال بعد ہونے والا یہ دورہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان آنے والے صدر محمد معیزو کے ہمراہ خاتون اول ساجدہ محمد، وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل وفد بھی ہوگا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔

دورے کے دوران صدر مالدیپ کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوگی، جبکہ صدر زرداری ان کے اعزاز میں سرکاری ضیافت بھی دیں گے۔ صدر محمد معیزو کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات اور دونوں ممالک کے وفود کے درمیان باضابطہ مذاکرات بھی متوقع ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، سیاحت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دفاع اور بحری سلامتی کے شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔

دورے کے موقع پر پاکستان اور مالدیپ کے درمیان کاروباری فورم بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں اقتصادی روابط بڑھانے کے امکانات پر بات ہوگی۔ مختلف شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

پاکستان اور مالدیپ کے سفارتی تعلقات کا آغاز جولائی 1966 میں ہوا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان روابط اسلامی اخوت کے علاوہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) جیسے علاقائی و عالمی پلیٹ فارمز پر مشترکہ شرکت سے بھی مضبوط ہوئے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق سفارتی تعلقات کی چھ دہائیاں مکمل ہونے کے موقع پر صدر مالدیپ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو نئی جہت دینے اور باہمی مفادات کے تحت تعاون کے مزید مواقع پیدا کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔