لیتھوانیا اور لٹویا میں فضائی خطرے کے الرٹس جاری
یورپی ممالک لیتھوانیا اور لٹویا میں ممکنہ فضائی خطرے کے پیش نظر ہنگامی الرٹس جاری کیے گئے، تاہم خطرہ ختم ہونے پر دونوں ملکوں نے انتباہات واپس لے لیے۔ خبر ایجنسی کے مطابق اس صورتحال کے باعث لیتھوانیا کے شہر کاوناس کا ہوائی اڈہ بھی عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق فضائی حدود کے قریب ڈرونز کی پروازوں کے باعث ریڈ الرٹس جاری کیے گئے تھے۔ لیتھوانیا کے حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی، جبکہ نیٹو کی فضائی نگرانی کے لیے تعینات لڑاکا طیاروں کو بھی طلب کیا گیا۔
بعد ازاں خطرہ ٹلنے پر دونوں ممالک میں جاری الرٹس ختم کر دیے گئے اور صورتحال معمول پر آگئی۔
واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد لیتھوانیا متعدد مرتبہ اپنی فضائی حدود میں ڈرونز کی مبینہ دراندازی کی اطلاعات دے چکا ہے، جس کے باعث خطے میں فضائی سلامتی سے متعلق خدشات برقرار ہیں۔