بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے اضافے کا امکان
ملک بھر میں بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 56 پیسے اضافے کا امکان ہے۔ اس مجوزہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوسکتا ہے۔
سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی (سی پی پی اے) نے ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت نیپرا میں درخواست جمع کرا دی ہے۔ نیپرا حکام 29 اکتوبر کو درخواست پر سماعت کریں گے، جس کے بعد اضافے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
درخواست کے مطابق ستمبر کے دوران بجلی کی پیداوار کے لیے مختلف ذرائع استعمال کیے گئے، جن کی فی یونٹ لاگت میں نمایاں فرق رہا۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 62 روپے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار پر 44 روپے فی یونٹ خرچ آئے۔
اعداد و شمار کے مطابق ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 39 روپے فی یونٹ رہی۔ اس کے مقابلے میں نیوکلیئر ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 3 روپے، جبکہ پن بجلی کی لاگت 6 روپے فی یونٹ بتائی گئی۔
فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر نیپرا کی سماعت کے بعد ہی واضح ہوگا کہ بجلی کی قیمت میں مجوزہ اضافہ منظور کیا جاتا ہے یا نہیں۔