نادرا نے شناختی کارڈ پر نام تبدیل کرانے کا طریقہ اور فیس کی تفصیلات بتا دیں
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے قومی شناختی کارڈ پر نام میں تبدیلی کے خواہش مند شہریوں کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار، ضروری دستاویزات اور مختلف کیٹیگریز کی فیس کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق نادرا کا کہنا ہے کہ نام تبدیل کرانے کے لیے درخواست کے ساتھ نئے نام کی تفصیل اور یونین کونسل، میونسپل کمیٹی یا کنٹونمنٹ بورڈ سے تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ پیدائشی سرٹیفکیٹ کا سی آر ایم ایس نمبر فراہم کرنا ہوگا۔
اتھارٹی کے مطابق مذہب تبدیل کرنے کی صورت میں متعلقہ دارالافتاء کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ضروری ہے۔ نادرا نے واضح کیا ہے کہ عام حالات میں شناختی کارڈ پر نام کی تبدیلی زندگی میں صرف ایک مرتبہ کرائی جاسکتی ہے، تاہم شادی کے بعد نام تبدیل کرانے والی خواتین اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
نادرا کے مطابق درخواست گزاروں کو دستاویزات کی فوٹوکاپیاں ساتھ لانے کی ضرورت نہیں، بلکہ متعلقہ دستاویزات کے نمبر فراہم کرنا کافی ہوگا۔
شناختی کارڈ پر نام تبدیل کرانے کے مراحل
پہلا مرحلہ: ٹوکن کا حصول
نادرا دفتر پہنچنے پر درخواست گزار کو سب سے پہلے ٹوکن حاصل کرنا ہوگا۔
دوسرا مرحلہ: بائیومیٹرک تصدیق
ٹوکن کے بعد درخواست گزار کی بائیومیٹرک تصدیق کی جائے گی۔
تیسرا مرحلہ: کوائف کا اندراج
اس مرحلے میں شہری اپنے کوائف کی درستگی یقینی بنائیں گے۔ متعلقہ ڈیٹا درج کرنے کے بعد انگلیوں کے نشانات اور تصویر بھی حاصل کی جائے گی۔
چوتھا مرحلہ: درخواست کی منظوری
نادرا حکام درخواست کا جائزہ لے کر منظوری دیں گے۔ جاری کردہ معلومات کے مطابق شناختی کارڈ میں ترمیم کی درخواست کے لیے الگ سے اٹیسٹیشن کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
پانچواں مرحلہ: فیس کی ادائیگی
درخواست منظور ہونے پر شہری کے فراہم کردہ موبائل نمبر پر پیغام بھیجا جائے گا۔ اس کے بعد منتخب کیٹیگری کے مطابق نادرا دفتر یا آن لائن فیس ادا کی جاسکے گی۔
نادرا شناختی کارڈ کی فیس اور ڈیلیوری کا وقت
کیٹیگری
|
فیس
|
متوقع ڈیلیوری
|
ایگزیکٹو
|
2,500 روپے
|
7 دن
|
ارجنٹ
|
1,500 روپے
|
15 دن
|
نارمل
|
750 روپے
|
30 دن
|
آخری مرحلہ: شناختی کارڈ وصول کرنا
درخواست گزار اپنی منتخب کردہ کیٹیگری کے مطابق مقررہ مدت مکمل ہونے پر متعلقہ نادرا دفتر سے ترمیم شدہ قومی شناختی کارڈ وصول کرسکتے ہیں۔
شہریوں کو درخواست دینے سے پہلے نادرا کے سرکاری ذرائع سے فیس، ضروری دستاویزات اور ڈیلیوری کے وقت کی تازہ ترین تصدیق کرلینی چاہیے۔