شاہ عبداللطیف یونیورسٹی میں ایل ایل بی کے 1,184 امیدواروں کا ریکارڈ مشکوک قرار
شاہ عبداللطیف یونیورسٹی نے ایل ایل بی پروگرام کے 1,184 امیدواروں کے تعلیمی ریکارڈ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مشکوک قرار دے دیا ہے۔ یونیورسٹی کے مطابق تحقیقات کے دوران 64 امیدواروں کا ریکارڈ درست اور قانونی پایا گیا۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی نے 11 اپریل 2026 کو تعلیمی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے لیے ایک انکوائری کمیٹی قائم کی تھی۔ کمیٹی نے دستیاب دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ مرتب کی۔
یونیورسٹی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایل ایل بی کے تین سالہ پروگرام کے 2016، 2017 اور 2018 کے سیشنز سے تعلق رکھنے والے 658 امیدواروں کا ریکارڈ مشکوک پایا گیا۔ اسی طرح پانچ سالہ ایل ایل بی پروگرام کے 2017 کے بیچ کے 526 امیدواروں کے تعلیمی ریکارڈ پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ انکوائری کمیٹی نے امتحانات سے متعلق ریکارڈ، حاضریوں اور مالی دستاویزات کی جانچ کی۔ اس عمل کے دوران سامنے آنے والی بے ضابطگیوں کی بنیاد پر متعلقہ نتائج، ٹرانسکرپٹس اور ڈگریوں کو مشکوک قرار دیا گیا۔
شاہ عبداللطیف یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق متنازع ریکارڈ رکھنے والے امیدواروں کی فہرستیں متعلقہ بار کونسلز، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور الحاق شدہ لا کالجز کو بھیج دی گئی ہیں۔ یونیورسٹی نے یہ فہرستیں اپنی ویب سائٹ پر بھی جاری کر دی ہیں۔