ٹائیگر شروف سے منسوب فائرنگ کے واقعے میں مشتبہ افراد کی تصاویر سامنے آگئیں، ممبئی پولیس کی تحقیقات جاری

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف سے متعلق ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث افراد کی تصاویر سامنے آئی ہیں۔ پولیس نے مشتبہ افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جائے وقوعہ کے قریب بنائی گئی ایک تصویر میں دو افراد سفید شرٹس پہنے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان میں سے ایک نے پوما کے لوگو والی سیاہ ٹوپی پہن رکھی ہے۔ پولیس حکام ان افراد کی شناخت معلوم کرنے کے لیے مختلف شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے وہ موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی ہے جسے مبینہ طور پر فائرنگ کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ملزمان اسے اندھیری ریلوے اسٹیشن پر چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں موٹر سائیکل کی ممبئی میں رجسٹریشن کا پتا چلا ہے، جبکہ پولیس رجسٹریشن ریکارڈ، نمبر پلیٹ، چیسز اور انجن نمبروں کی جانچ کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں واقعے کے دوران تین افراد کی مشتبہ سرگرمیاں دکھائی دیتی ہیں۔ فوٹیج میں ایک شخص کو فائرنگ کرتے، جبکہ دوسرے کو بھی گولی چلانے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔ تیسرا شخص موٹر سائیکل کے قریب موجود تھا، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ فرار ہونے میں مدد دینے کے لیے وہاں موجود تھا۔

پولیس حکام علاقے میں نصب نگرانی کے کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کر رہے ہیں تاکہ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جا سکے اور واقعے سے متعلق مزید شواہد حاصل کیے جا سکیں۔