بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، میجر شہید، 4 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے اضلاع گوادر اور قلات میں سیکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں کے دوران ایک فوجی افسر شہید جبکہ چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گوادر کی تحصیل پسنی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں میجر جاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کلیئرنس اور سرچ کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری کارروائی قلات کے علاقے جٹک آباد میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں چار دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پسنی میں دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے 34 سالہ میجر جاہت وحید کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ میجر جاہت وحید نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان قربان کی اور قوم کو اپنے بہادر سپوت پر فخر ہے۔ انہوں نے شہید افسر کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر و استقامت اور شہید کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔