یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے پیوٹن کی ٹرمپ اور شی جن پنگ کے ساتھ سہ فریقی اجلاس کی تجویز
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ سہ فریقی سربراہی اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق پیوٹن نے یہ تجویز 9 اکتوبر کو ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے دوران دی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس رابطے کے بعد روس اور امریکا کے درمیان ڈیزل کی خریداری سے متعلق ایک معاہدہ طے پایا۔
رپورٹ کے مطابق مجوزہ اجلاس ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم (اے پی ای سی) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر منعقد کرنے کی تجویز ہے۔ یہ اجلاس 18 اور 19 نومبر کو چین کے شہر شینزن میں شیڈول ہے۔
تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاحال اس سہ فریقی ملاقات میں شرکت کے لیے آمادگی ظاہر نہیں کی۔ دوسری جانب روسی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ممکنہ اجلاس کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
مجوزہ ملاقات کا مقصد یوکرین جنگ کے خاتمے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کے لیے تینوں عالمی رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے، تاہم اجلاس کے انعقاد اور اس میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔