ٹرمپ کا یوکرین جنگ جلد ختم کرنے پر زور، روس کو مذاکرات سے دور نہیں کرنا چاہتے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کرانے کے لیے امن مذاکرات میں مصروف ہیں اور ایسا کوئی اقدام نہیں کرنا چاہتے جس سے روس بات چیت کا عمل ترک کردے۔

ٹرمپ کے مطابق امن مذاکرات اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاملے میں قابلِ ذکر پیش رفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس ایران کی مدد نہ ہونے کے برابر کر رہا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ صورتحال آئندہ بھی برقرار رہے۔

امریکی صدر نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی پر الزام عائد کیا کہ یوکرین کی جانب سے روسی ڈیزل ریفائنریوں کو نشانہ بنانے کے حملے عالمی منڈیوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ ان کے بقول ان کارروائیوں کے اثرات امریکا سمیت مختلف ممالک کی ڈیزل مارکیٹوں اور کاروباری سرگرمیوں پر پڑ رہے ہیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اس کے باوجود روس عالمی منڈی میں کم قیمت پر لاکھوں بیرل ڈیزل فراہم کر رہا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ زیلنسکی دو سال قبل موجودہ صورتحال کے مقابلے میں زیادہ بہتر شرائط پر معاہدہ کر سکتے تھے۔ ان کے مطابق اب یوکرین کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ چکا ہے، اس کا خاصا علاقہ اس کے کنٹرول سے نکل گیا ہے اور سمندر تک رسائی بھی متاثر ہوئی ہے۔

امریکی صدر نے جنگ کے دوران ہونے والی ہلاکتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ روس یوکرین تنازع جلد از جلد ختم ہو اور امن کے لیے جاری کوششوں کو آگے بڑھایا جائے۔