ایکواڈور میں عبادت کے دوران افسوسناک حادثہ، بھاری صلیب گرنے سے پادری جاں بحق

جنوبی امریکی ملک ایکواڈور میں چرچ کی مذہبی تقریب کے دوران ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں دیوار پر نصب بھاری صلیب پادری کے سر پر گرنے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔

چرچ حکام کے مطابق پادری پیٹریشیو الفریڈو چرچ آف پرپیچوئل ریلیف میں عبادت اور مذہبی تقریب کی ادائیگی میں مصروف تھے۔ اس دوران تقریب کی لائیو اسٹریمنگ بھی جاری تھی۔

رپورٹس کے مطابق پادری موت کے موضوع پر وعظ کر رہے تھے کہ اچانک ان کے پیچھے دیوار پر لٹکی بڑی صلیب اپنی جگہ سے گر گئی اور ان کے سر کے پچھلے حصے پر آ لگی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ پادری موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

چرچ انتظامیہ نے پادری پیٹریشیو الفریڈو کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سینٹرل ویکیریٹ کے تحت چرچ آف پرپیچوئل ریلیف میں مذہبی خدمات انجام دے رہے تھے۔ واقعے کے باعث عبادت میں شریک افراد میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔