پاک فوج کی قربانیوں پر کوئی شک نہیں، جوان بہادری سے لڑ رہے ہیں: نواز شریف
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں اور بہادری پر کوئی شبہ نہیں، فوجی جوان جرأت کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق نواز شریف نے لندن میں ایون فیلڈ سے روانگی کے وقت صحافیوں سے گفتگو کی۔ اس دوران پاک فوج کی قربانیوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ فوج کی قربانیوں پر کوئی شک نہیں اور ہمارے جوان پوری دلیری سے لڑ رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں جانیں قربان کرنے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے اور انہیں کسی صورت نہیں چھوڑنا چاہیے۔