قصور میں بجلی چوری کی چیکنگ کے دوران لیسکو اہلکاروں پر تشدد، مقدمہ درج

قصور میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے کارروائی کرنے والی لیسکو ٹیم کو مبینہ طور پر تشدد اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعہ نیاز نگر سب ڈویژن کے علاقے کورٹ مولوی عبدالقادر میں پیش آیا، جہاں اہلکاروں نے چیکنگ کے دوران بوگس میٹر کے ذریعے بجلی چوری کا سراغ لگایا۔

لیسکو ترجمان کے مطابق ٹیم نے موجودہ میٹر کی ریڈنگ اور میٹر نمبر کا سابقہ ریکارڈ سے موازنہ کیا تو دونوں میں فرق سامنے آیا، جس سے بجلی چوری کا شبہ ظاہر ہوا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی کی ویڈیو بنانے پر مبینہ طور پر صارف اسد حسین نے پانچ مسلح افراد کے ہمراہ لیسکو اہلکاروں، اے ایل ایم بلال اور فیاض، کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ الزام ہے کہ اہلکاروں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا گیا، ان کے موبائل فون چھینے گئے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

لیسکو حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی کرنے والے عملے کو ہراساں کرنا یا تشدد کا نشانہ بنانا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اہلکاروں کو فرائض کی ادائیگی سے روکنے اور ان پر تشدد کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔