سندھ میں پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا، رواں سال تعداد 7 ہوگئی
سندھ کے شرقی علاقے سے پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہونے کے بعد پاکستان میں رواں سال اس مرض سے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد سات ہوگئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) نے بتایا ہے کہ 2026 کے دوران اب تک سامنے آنے والے سات کیسز میں سے پانچ خیبر پختونخوا جبکہ دو سندھ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ کراچی میں اس سے قبل پولیو کا آخری کیس دسمبر 2024 میں سامنے آیا تھا۔
حکام کے مطابق پولیو ایک خطرناک اور لاعلاج بیماری ہے، تاہم حفاظتی ویکسین کے ذریعے بچوں کو اس سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت ملک بھر میں انسدادِ پولیو کی قومی مہم 2 سے 8 نومبر 2026 تک چلائی جائے گی۔
نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کے دوران کراچی کے تمام اضلاع سمیت ملک کے 97 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مہم کا ہدف دو کروڑ 39 لاکھ سے زائد بچوں تک ویکسین کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
نیشنل ای او سی نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں۔ اس کے ساتھ بچوں کے معمول کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی مقررہ وقت پر مکمل کروایا جائے تاکہ انہیں مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔