اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا ایپس کے استعمال پر پابندی

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی انتظامیہ نے جامعہ کی حدود میں ٹک ٹاک، سنیک ویڈیوز اور دیگر سوشل میڈیا ایپس کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یونیورسٹی میں طالبات کی اجازت کے بغیر ویڈیوز بنانے اور انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے سے متعلق شکایات موصول ہوئی تھیں۔ انتظامیہ نے طالبات کی نجی زندگی، رازداری اور عزتِ نفس کے تحفظ کو اس فیصلے کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے غیر اخلاقی مواد تیار کرنے یا اسے پھیلانے کے واقعات سامنے آنے پر متعلقہ کیسز ڈسپلنری کمیٹی کو بھیجے جائیں گے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق تادیبی کارروائی کی جائے گی۔