اسلام آباد میں غیرملکی شہری کے گھر ڈکیتی، واردات میں ملوث 4 پولیس اہلکار گرفتار

اسلام آباد میں غیرملکی شہری کے گھر ڈکیتی کی واردات میں ملوث ہونے کے الزام میں چار پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے لوٹی گئی 20 لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار اہلکار شہر کے مختلف زونز میں تعینات تھے۔ واردات کی تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چاروں اہلکاروں کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار اہلکاروں سے ڈکیتی میں چھینی گئی 20 لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

یہ واردات گزشتہ روز تھانہ کوہسار کی حدود میں پیش آئی تھی۔ واقعے میں پولیس اہلکاروں کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔