پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ایل پی جی کی قیمت 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں صارفین کو یہ گیس 500 روپے فی کلو تک خریدنا پڑ رہی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں قیمت مزید بڑھ کر 600 روپے فی کلو تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی سرکاری مقرر کردہ قیمت 279 روپے فی کلو ہے، تاہم پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں یہ گیس مقررہ نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔
عرفان کھوکھر کے مطابق پہاڑی علاقوں میں ایل پی جی کے صارفین کو فی کلو 600 روپے تک ادا کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔
چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے اوگرا کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ادارہ قیمتوں میں بے ضابطگیوں کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کر رہا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے ایس ایس جی سی کے ٹرمینل کو استعمال کیا جائے تاکہ صارفین کو مقررہ نرخوں پر گیس کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔