لاہور: ماڈل ٹاؤن انڈر پاس کے قریب موٹرسائیکل حادثہ، نوجوان جاں بحق، 2 زخمی
لاہور میں کلمہ چوک کے قریب فیروز پور روڈ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا، جبکہ اس کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار دو دوست زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ تین دوست ایک ہی موٹرسائیکل پر فیروز پور روڈ سے ماڈل ٹاؤن کی طرف جا رہے تھے کہ ماڈل ٹاؤن انڈر پاس کے داخلی حصے میں موٹرسائیکل ایک پلر سے جا ٹکرائی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اندھیرے اور تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل سوار پلر کو بروقت نہ دیکھ سکے۔
حادثے کے نتیجے میں موٹرسائیکل چلانے والا نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت عدیل عرف بلا کے نام سے ہوئی ہے، جو لاہور کے علاقے اچھرہ کا رہائشی تھا۔ موٹرسائیکل پر موجود دیگر دو نوجوان زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں دوست رات گئے گھر سے کھانا کھانے کے لیے نکلے تھے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی لاش ضروری کارروائی کے بعد مردہ خانے منتقل کردی گئی۔