سلمان خان کو دوبارہ معافی مانگنے کا مطالبہ، رمیش بشنوئی کی سنگین نتائج کی دھمکی

بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو گینگسٹر لارنس بشنوئی کے کزن رمیش بشنوئی کی جانب سے ایک بار پھر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ انہوں نے ایسا نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد رمیش بشنوئی نے خبر رساں ادارے آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان کے لیے انتباہ جاری کیا۔

رمیش بشنوئی نے دعویٰ کیا کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے افراد بھی اس معاملے کے اثرات سے محفوظ نہیں رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ بات ذاتی حیثیت میں نہیں، بلکہ گینگ کے مؤقف کی ترجمانی کرتے ہوئے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لارنس بشنوئی اور سلمان خان کے درمیان تنازع کی وجہ کوئی ذاتی دشمنی نہیں، بلکہ بشنوئی برادری کے مذہبی جذبات کو پہنچنے والی مبینہ ٹھیس ہے۔

رمیش بشنوئی کے مطابق سلمان خان کو پہلے بھی برادری سے معافی مانگ کر تنازع ختم کرنے کا موقع دیا گیا تھا، لیکن اداکار نے یہ مطالبہ قبول نہیں کیا۔