ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے کی ہلاکت کا ملزم بہاولپور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران مارا گیا
ملتان میں گاڑی تلے کچل کر 15 سالہ یتیم لڑکے کو قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم توقیر نذیر بہاولپور میں کاؤنٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
سی سی ڈی کے ترجمان کے مطابق توقیر نذیر گزشتہ شب ملتان میں سی سی ڈی کی حراست سے فرار ہوگیا تھا، جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش شروع کردی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بہاولپور میں سی سی ڈی کی ٹیم نے دو موٹرسائیکل سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم انہوں نے رکنے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ جوابی فائرنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت توقیر نذیر کے نام سے کی گئی۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق فائرنگ کے دوران ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تلاش اور تعاقب میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب توقیر نذیر کو حراست سے فرار کرانے کے واقعے کا مقدمہ بھی تھانہ سی سی ڈی ملتان میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ توقیر نذیر پر الزام تھا کہ اس نے گزشتہ روز گاڑی کی ٹکر سے 15 سالہ وسیم عباس کو کچل دیا تھا۔ خبر کے مطابق وسیم عباس یتیم تھا اور ملزم کے مبینہ غیر انسانی رویے سے تنگ آکر اس کے ہاں کام جاری نہیں رکھنا چاہتا تھا۔
توقیر نذیر کو اس واقعے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر وکلا کی جانب سے ملزم کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔