عباس عراقچی: حتمی معاہدے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی، امریکا سے مذاکرات جاری

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تصدیق کی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان پاکستان اور قطر کی ثالثی میں مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی حتمی معاہدے پر پہنچنے تک آبنائے ہرمز کو کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

عباس عراقچی کے مطابق ایران نے امریکا کے سامنے سات روزہ منصوبہ پیش کیا تھا، جس کے تحت چھٹے روز آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی تجویز شامل تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکام نے اس منصوبے کی شرائط سے اتفاق کیا، تاہم وہ اس میں مزید چند نکات شامل کرنا چاہتے تھے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران دیگر معاملات پر بات چیت آگے بڑھانے سے پہلے چاہتا ہے کہ امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے تمام وعدوں پر عمل کرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بحیرہ احمر میں جاری کشیدگی سے ایران کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

عباس عراقچی کے مطابق ایران نے سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان جاری لڑائی ختم کرانے کے لیے ثالثی کی پیشکش بھی کی تھی، تاہم تاحال کسی بھی فریق کی جانب سے اس پیشکش پر جواب موصول نہیں ہوا۔