ملتان: کم عمر یتیم بچے سے مبینہ جبری مشقت، یتیم خانے کے مالک کے خلاف مقدمہ درج

ملتان میں کم عمر یتیم بچے وسیم عباس سے مبینہ طور پر جبری مشقت کرانے کے معاملے پر یتیم خانے کے مالک شعیب کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمہ تھانہ بی زیڈ میں محکمہ محنت کی مدعیت میں چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں بچوں سے مشقت لینے کے قانون کی خلاف ورزی، کم عمر بچوں کی غیرقانونی منتقلی اور نابالغوں کو ملازمت پر رکھنے سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق وسیم عباس یتیم خانے میں مقیم تھا، جہاں سے اسے مبینہ طور پر ملزم توقیر کے حوالے کیا گیا۔ توقیر پر الزام ہے کہ اس نے کم عمر یتیم بچے سے جبری مشقت کرائی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یتیم خانے کا مالک شعیب پہلے ہی تفتیش کے سلسلے میں زیرِ حراست ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔