آئی سی سی کی نئی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری، پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشنیں برقرار
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس کے کھلاڑیوں کی تازہ عالمی رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں پاکستانی کرکٹرز نے مختلف شعبوں میں اپنی پوزیشنیں برقرار رکھی ہیں۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستان کے ابرار احمد ون ڈے بولرز کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی بولرز میں انہوں نے چوتھی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان بدستور سرفہرست ہیں، جبکہ پاکستان کے کپتان شاہین آفریدی آٹھویں نمبر پر ہیں۔ ون ڈے بیٹرز کی فہرست میں بابر اعظم ساتویں اور سلمان علی آغا بارہویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی درجہ بندی میں بھارتی کھلاڑی ایشان کشن پہلے اور ابھیشیک شرما دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے اس فارمیٹ میں تیسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں بھی افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر قابض ہیں، جبکہ پاکستانی اسپنر ابرار احمد چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔