پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا ناقابلِ قبول، بھارت کی جانب سے پانی روکنا جنگ تصور ہوگا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے خبردار کیا ہے کہ پانی پاکستان کی بقا اور زندگی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے بھارت کی جانب سے پانی روکنے کی کوشش کو جنگ کے مترادف سمجھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی ملک کو پانی کو دباؤ ڈالنے یا بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر قانونی طور پر پابند معاہدوں کا احترام اور ان پر عمل درآمد ضروری ہے۔

شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ فلسطین کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کا مؤقف یکساں ہے اور پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کے جائز مطالبات کی حمایت جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

پاکستان اور مالدیپ کا تجارت 200 ملین ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

دوسری جانب پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔ دونوں ممالک نے آئندہ دو برس کے دوران باہمی تجارت کا حجم 13 ملین ڈالر سے بڑھا کر 200 ملین ڈالر تک پہنچانے پر اتفاق کیا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 11 سال کے وقفے کے بعد مالدیپ کے صدر کا پاکستان کا دورہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے ساتھ ہونے والی بات چیت مثبت اور تعمیری رہی، جس میں اقتصادی روابط، دفاع اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے مشترکہ کوششیں مزید تیز کریں گے۔ پاکستان مالدیپ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں فنی معاونت بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مالدیپ کے متعدد طلبہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ پاکستانی ڈاکٹرز اور طبی معاون عملہ مالدیپ میں طبی خدمات فراہم کر رہا ہے۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔